زندگی!گفتگونمبر15۔۔۔26مئی2019

زندگی __ گفتگو نمبر :15
دوستو!
کچھ دنوں کی غیر حاضری کے بعد آج پھر آپ کے درمیان ہوں،آپ سے تکلم کا سلسلہ اب روزانہ نہیں ہفتہ وار ہوگا.
جانے کیوں آج یہ شعر ذہن میں گونج رہا ہے
زندگی ایک بار ملتی ہے
دوستو زندگی سے پیار کرو
آپ کہیں گے کہ ہمارے چاروں طرف جو حالت ہے جس میں سانسوں کا زندگی سے رشتہ جوڑنا محال ہوگیا ہے اس میں بھلا کہاں پیار کی فرصت.مہنگائی کا زور، عید سر پر، بچوں کی فرمائش، بڑوں کی ضرورت، دین کے تقاضے، حاجت روا کی پردہ پوشی ان سب کو نبھانے میں ہی آدمی الجھا رہتا ہے. ایسے میں پیار کی باتیں نا بابا نا! ابھی تو یہ بات کریں کہ زندگی کو سہل کیسے بنایا جائے.
اچھا اچھا ٹھیک ہے نہ کریں زندگی سے پیار مگر چاہے زندگی کتنی ہی مشکل کیوں نہ ہو ہے تو پیاری نا اور اگر اسے ہی پیار سے نہ دیکھیں گے تو اس کے ساتھ کیسے نبھے گی.
آئیں سنجیدگی سے اس مشکل کا کچھ حل نکالتے ہیں.
فراست
دانائی کا تقاضا ہے کہ سب سے پہلے قناعت پسندی کواپناتے ہوئے خواہش کو محدود اور فوری طلب کو ترجیح دی جائے. اپنی بساط اور حد سے آگے نہ بڑھیں. زمانے کی پروا اور فکر نہ کریں اپنے وسائل کے مطابق کام کریں. اگر آپ اس کو نظر انداز کرکے اپنی اور دوسروں کی بے جا طلب کی تکمیل کے لئے اٹھ کھڑے ہوں گے تو مشکل میں آجائیں گے اپنی ضروریات کو ترجیح دیں اور آسائشوں کو پسِ پشت ڈال دیں. میری یہ چھوٹی سی بات مان لیں، ضروریات کی لسٹ تیار کریں پھر بازار جائیں. بلا ضرورت تفریح کے لئے ہی سہی مگر بازار نہ جائیں. اطمینان رکھئے کہ آپ اس طرح بہت سی علت سے بچ جائیں گے.
قناعت کے بعد آپ صبرو شکر کے جذبہ کو اپنائیں جو میسر نہیں اس پر صبر کریں اور جو میسر ہے اس پر شکر کریں.
دوستو یہ وہ باتیں ہیں جو آپ پہلے سے جانتے ہیں مجھ سے بہتر سمجھتے ہیں اور ان پر عمل بھی کرتے ہیں مجھے یقین ہے کہ ہم زندگی جیسی دولت کی دل سے قدر کریں گے اس کی اہمیت سمجھیں گے. ہر لمحہ ہر پل اپنے پروردگار کا شکر ادا کریں گے اور اپنے دانستہ و نادانستہ گناہوں کی معافی بھی مانگیں گے کیونکہ
رحمت پر تیری میرے گناہوں کو ناز ہے
بندہ یہ جانتا ہوں تو بندہ نواز ہے
بس دوستو حاصل یہی کہ زندگی سے پیار کریں کیونکہ زندگی میں بھی ہوں زندگی آپ بھی ہیں پھر بھلا اپنے آپ سے فرار کیسے ممکن ہو.
پھر کیا سمجھے!!!

ازرضیہ سبحان
26-5-19

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top