زندگی!گفتگونمبر14۔۔۔21مئی 2019

زندگی ــ گفتگو نمبر:14
دوستو!
ہم بچپن سے اپنے بزرگوں سے یہ سنتے آئے ہیں کہ محنت میں عظمت ہے ،حرکت میں برکت ہے. جو محنت نہیں کرتے خداوند بھی انُ کی مدد نہیں کرتا ــ ویسے تو ہم سب بظاہر کام کاج میں مصروف نظر آتے ہیں جو محنت ہی کی شکل ہے مگر اس محنت کا پھل بھی کسی کسی کو ملتا ہے ــ ایسا کیوں ہے جب سب محنت کرتے ہیں تو نتیجہ ایک سا کیوں نہیں۔اس پر کچھ دلیلیں دی جاسکتی ہیں.
1️⃣ سب سے پہلے ہمیں یہ سمجھ لینا چاہیئے کہ جوبھی کام کریں اس کےلئے دل سے راضی ہوں دوسرے لفظوں میں اس کام سے گُریز کریں جس میں دل نہ لگے ــ مگر کیا کیا جائے بعض کام ہمیں چارو ناچار کرنے پڑتے ہیں کہ مجبوری کا دوسرا نام صبر ہے نا ــ کام اگر شوق سے، لگن سے، توجہ سے کیا جائے تو نہ صرف ہمیں مزہ آنے لگتا ہے بلکہ وہی کامیابی کی کنجی بھی ہے۔جو بچہ امتحان میں محنت کرتا ہے وہ امتحان میں نمایاں حیثیت سے کامیاب ہوتا ہے.
2️⃣ دوسرا جزو محنت کا یہ ہے کہ کام جو بھی کیا جائے اس میں مستقل مزاجی ہو۔اگر آپ طالب علم ہیں تو روزانہ پڑھائی کریں مگر جس کام میں استقلال نہ ہو وہ کام مکمل نہیں ہوسکتا.
3️⃣ تیسرا جزو مقصدیت ہے کہ محنت میں کوئی نہ کوئی مقصد ضرور پیشِ نظر ہو __ یعنی مقصود سے کامیابی یقینی اور بامعنی ہوجاتی ہے __ اور ایک بات یاد رکھیں کوئی کام چھوٹا بڑا نہیں ہوتا __کام صرف کام ہوتا ہے دنیا کے بڑے بڑے رہنما نے بامقصد کام کرکے سرفرازی حاصل کی اور اپنا نام بنایا جیسے قائداعظم کا پاکستان بنانا،ایدھی صاحب،میڈم رتھ فائووغیرہ اس ضمن میں کئ نام لئے جاسکتے ہیں جو اپنے ساتھ ایک نصب العین لیکر چلے، ثابت قدمی سے اسے حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کرلیں.
تو ساتھیو ضروری نہیں کہ جو بھی کام ہو اس کا دکھاوا کیا جائے، خاموشی سے بھی کام ہوسکتا ہے اس سے حیران کن نتائج حاصل ہوسکتے ہیں.
آپ نے سمندر کو دیکھا ہے ذرا غور کیجئے لہریں مسلسل ساحل سے ٹکرا کر واپس چلی جاتی ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ان کا سعی ءِ بیکار ہے جبکہ یہ ایک عزم ہے اسی ایک روشِ مسلسل سے وہ چٹانوں کا سینہ چاک کردیتی ہے ــ سیلاب برپا کردیتی ہے.
ساتھیو کام کا آغاز تو ہو چاہے وہ چھوٹے پیمانے پر ہی کیوں نہ ہو اور اگر یہی ریاضت متواتر رہی تو ایک دن یہی چھوٹا کام بڑے کاروبار میں تبدیل ہوجائے گا ــ سورج جب طلوع ہوتا ہے تو اس کی ابھرتی کرنوں سے صرف ایک کھڑکی، جھری روشن ہوتی ہے مگر جوں جوں وہ سربلند ہوتا ہے اس کی روشنی پوری دنیا کا احاطہ کرلیتی ہے ،یہی اس کی سرفرازی ہے.
کبھی محنت سے جی نہ چرائیں اور جوبھی کریں بصدِ شوق اس پر استوار رہیں اور خبردار اپنے ذہن سے یہ بات نکال دیں کہ محنت کا پھل نہیں ملتا.
پھر کیا سمجھے !!!

از رضیہ سبحان
21-5-19

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top