زندگی!گفتگونمبر 10۔۔۔17مئی 2019

زندگی __ گفتگو نمبر :10
دوستو!
رمضان کا رحمتوں بھرا عشرہ وار بیتا اور توبہ استغفار کا شروع ہوا.
لیکن کیا رحمتوں کا عشرہ گزر جانے کا مطلب یہی ہے کہ مہربانیوں کا دور ختم ہوا، ہر گز نہیں اس رحمت اللعالمین کی رحمتیں تو برسہا برس کے لئے ہیں جنہیں ہم اپنی روز مرہ زندگی کے مشاہدات سے سمجھ سکتے ہیں. ہماری زندگی کا ایک ایک لمحہ بند مٹھی سے ریت کی مانند نکل رہا ہے جس کا ہمیں ہوش تک نہیں __ ہم سب کو ایک شعور کے ساتھ زندہ رہنا چاہئے کب صبح ہوتی ہے کب شام ہوتی ہے، کون اپنا ہے کون پرایا، رنج کا کیا سبب ہے، دل کس بات سے کھِل اٹھتا ہے، خوشی کس چیز میں پوشیدہ ہے، دل کس سے ٹوٹتا ہے. یہ سب سمجھنے کے لئے قوتِ مشاہدہ کو تیز کرنا ہوگا. سوچ کے زاوئیے بدلنے ہونگے.
جب صبح کا سورج رَب کا نور لیکر براہِ راست آپ کے دل میں طلوع ہو تو سویرا کتنا روشن معلوم ہوتا ہے. ہر طرف دھنک رنگ بکھر جاتے ہیں اور دِل تشکر کی مَے سے سرشار ہوجاتا ہے، جب ذکرِ الٰہی سے چہرہ بھیگ جائے تو وہ لمحہ کتنی طمانیت بخشتا ہے.
اللہ اللہ ایسی محبت ، ایسی مستی کب کہاں کس چیز میں میسر ہے. رحمتوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے کیونکہ آپ کو اپنے چاروں طرف اپنے پیارے خیرو عافیت سے نظر آتے ہیں تو دل تو کیا نگاہیں بھی سر بسجود ہوجاتی ہیں. پھر دن بھر کی ریاضت کے بعد شام کی سرد ہوائیں آپ کے جسم کو چھو کر گزرے تو ایسا لگے جیسے ساری تھکن اتر گئ ہو ایسے میں آپ کس کا شکرادا کریں گے __ پھر جب آپ اپنے اطراف مختلف پھولوں کی خوشبو، تتلیوں کے رنگ دیکھیں گے تو جھوم جھوم جائیں گے.
اب آپ کہیں گے کہ یہ سب نظروں کے سامنے تو نہیں مگر آپ کو یہ خیال رہے کہ یہ سمندر، یہ صحرا، یہ جنگل، یہ کھیت، یہ باغات، یہ جھرنے آپ کے دل کے بہت قریب ہیں یہ سب تو کُجا ان کا خالق و مالک آپ کے دل کی دھڑکن میں دھڑکتا ہے، بستا ہے . آپ ان چیزوں کو دیکھ نہیں سکتے، چھو نہیں سکتے ان کا لطیف احساس اگر آپ کے دل میں گُد گُداتا ہے تو آپ کے دل اور زبان سے بے اختیار اللہ اکبر، سبحان تیری قدرت کی پکار نکلے گی اور یہی لمحہءِ تشکر ہے.
دل سے محسوس کئے بغیر صرف زبان سے شکر ادا کرنا ایسا ہی ہے کہ ہم زندگی تو گزار رہے ہیں مگر زندگی کا احساس کئے بغیر.
یاد رکھیں زندگی جینے کے لئے ہے گزارنے کے لئے نہیں.
تو کیا سمجھے!!!

پروفیسر رضیہ سبحان
17-5-19

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top